قومی سلامتی اجلاس کے بعد وزیراعظم کی ایران میں پاکستانیوں کے تحفظ اور واپسی کی ہدایت

10:17 PM, 28 Feb, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے فوری اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ہدایت کی گئی ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر شہریوں کو آذربائیجان کے ذریعے پاکستان منتقل کیا جائے۔

وزیراعظم کی سربراہی میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی سلامتی کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث تمام سیکیورٹی ادارے چوکس ہیں اور ملکی دفاع کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ قوم اور مسلح افواج مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے متحد اور پُرعزم ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کے انخلا کا عمل تیز کیا جائے اور ان کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں وزارتِ خارجہ کو تاکید کی گئی کہ آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کر کے ضروری سفارتی اور حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں۔
 
 

مزیدخبریں