ایران پر اسرائیلی حملے اور خلیجی ممالک پر حملوں کے بعد وزیراعظم کا سعودی قیادت سے رابطہ

08:27 PM, 28 Feb, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونک رابطے میں ایران پر اسرائیلی حملے اور کچھ خلیجی ممالک پر ہونے والے حالیہ واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ یہ حملے خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں اور موجودہ کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے اس موقع پر سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور تعاون کا اعادہ کیا، اور کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور خطے کی سالمیت کے تحفظ کے لیے مستقل طور پر اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اس حساس وقت میں تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور دعا کی کہ رمضان المبارک کی برکتوں سے خطے میں جلد امن، ہم آہنگی اور استحکام قائم ہو۔

مزیدخبریں