چینی ملازمین کی بونس کی رقم اٹھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

09:24 PM, 28 Feb, 2025

بیجنگ:چینی کمپنی کی جانب سے اپنے ملازمین کو سالانہ بونس کی رقم انوکھے طریقے سے اٹھانے کی پیش کش کرنے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

چینی میڈیا کے حوالے سے "انڈین ایکسپریس" نے رپورٹ کیا کہ ہنان صوبے میں واقع کرین بنانے والی کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے سالانہ بونس دینے کے لیے ایک منفرد تقریب کا انعقاد کیا۔ کمپنی نے ایک 70 میٹر لمبی ٹیبل تیار کی جس پر چینی کرنسی کے نوٹ رکھے گئے، اور ملازمین کو 15 منٹ کا وقت دیا گیا تاکہ وہ جتنی رقم گن کر اٹھا سکیں، اٹھا لیں۔

ملازمین کو کوئی حد نہیں دی گئی اور ہر فرد کو اتنی رقم اٹھانے کا موقع دیا گیا جتنا وہ گن کر اٹھا سکتے تھے۔ ویڈیو میں ملازمین کو ٹیبل پر رکھے گئے نوٹوں کو گنتے ہوئے اور ان کو ترتیب سے اٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، کمپنی نے سالانہ بونس کے طور پر ایک کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً تین ارب پاکستانی روپے) کی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر بھگدڑ سے بچنے کے لیے کمپنی نے لمبی ٹیبل تیار کی تاکہ تمام ملازمین بآسانی رقم اٹھا سکیں۔

ویڈیو میں ایک ملازم نے سب سے زیادہ 15 منٹ میں ایک لاکھ چینی یوآن (تقریباً 35 لاکھ پاکستانی روپے) کی رقم اٹھائی، جو کہ ایک ریکارڈ کے طور پر سامنے آیا ہے۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ ویڈیو تازہ ہے یا پرانی۔ کمپنی ماضی میں بھی ایسے بونس کی پیش کش کرتی رہی ہے۔

مزیدخبریں