دانتوں میں خلال کرنے سے فالج اور امراض قلب جیسے سنگین مسائل سے بچا جا سکتا ہے!

08:27 PM, 28 Feb, 2025

کیلیفورنیا: امریکا میں کی جانے والی ایک طویل تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دانتوں میں خلال کرنے سے فالج اور امراض قلب جیسے سنگین مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

طبی جریدے ’ہارٹ‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق امریکی کانفرنس میں پیش کی جانے والی تحقیق کے نتائج نے دانتوں میں خلال کے حیران کن فوائد کو اجاگر کیا۔ ماہرین نے گزشتہ 25 سال کے دوران 6 ہزار افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور یہ معلوم کیا کہ دانتوں میں خلال کرنے کے صحت پر کیا اثرات پڑتے ہیں۔

تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ ان 6 ہزار افراد میں سے 4 ہزار 100 سے زیادہ افراد نے فالج یا امراض قلب کی پیچیدگیوں کا سامنا نہیں کیا۔

ماہرین کے مطابق 25 سال کی مدت میں 434 افراد کو فالج، 147 کو خون کی رکاوٹ، 97 کو ہارٹ بلڈ کلاٹنگ، اور 95 کو ہائی بلڈ پریشر کا سامنا ہوا۔

دانتوں میں خلال کرنے والے افراد میں ان پیچیدگیوں کا سامنا کم ہوا، جبکہ جو افراد یہ طریقہ استعمال نہیں کرتے تھے، ان میں یہ مسائل وقت کے ساتھ بڑھ گئے۔

ماہرین کے مطابق ہفتے میں کم سے کم ایک بار دانتوں میں خلال کرنے سے فالج کے امکانات 22 فیصد تک کم اور امراض قلب کے خطرات 44 فیصد تک کم ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی کہا گیا کہ دانتوں کی باقاعدہ صفائی اور ماہر سے علاج کرانا، دل اور دماغ کی بیماریوں سے بچنے میں مزید مددگار ثابت ہوتا ہے۔

دانتوں میں خلال کرنا ایک سادہ، سستا اور مؤثر طریقہ ہے جو سنت نبوی ﷺ بھی ہے اور ہر کسی کی دسترس میں ہوتا ہے۔

مزیدخبریں