لندن:برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی (یو کے ایچ ایس اے) نے تصدیق کی ہے کہ انگلینڈ میں منکی پاکس (ایم پاکس) کے ’کلیڈ ایل بی‘ ویرینٹ کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، جس کے ساتھ ہی گزشتہ سال اکتوبر کے بعد اس ویرینٹ کے ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
یو کے ایچ ایس اے کے مطابق، لندن میں ایک مریض میں یہ نیا کیس سامنے آیا ہے جو حال ہی میں یوگینڈا سے واپس آیا تھا، جہاں اس ویرینٹ کی کمیونٹی ٹرانسمیشن ہو رہی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ یہ کیس پچھلے کیسز سے مختلف ہے اور اس کا کسی موجودہ مریض سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یو کے ایچ ایس اے نے یہ بھی بتایا کہ افریقہ کے بعض علاقوں میں کلیڈ ایل بی ویرینٹ کی موجودگی کے پیش نظر برطانیہ میں اس کا کبھی کبھار درآمد شدہ کیس سامنے آ سکتا ہے۔
پہلا کیس اکتوبر میں لندن میں رپورٹ ہوا تھا، اور اس کے بعد تین اور کیسز سامنے آئے جن میں متاثرہ افراد کے گھریلو رابطے شامل تھے۔ اس کے بعد، اکتوبر میں لیڈز میں پانچواں کیس سامنے آیا اور جنوری میں باقی کیسز کی تصدیق ہوئی۔