ہائی بلڈ پریشر کا مؤثر علاج یادداشت کو بھی بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے: امریکی ماہرین صحت

08:01 PM, 28 Feb, 2025

کیلیفورنیا: امریکی ماہرین کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کا مؤثر علاج یادداشت کو بھی بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یہ پہلے ہی واضح ہوچکا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر دل کی بیماریوں سمیت دماغی مسائل کا سبب بن سکتا ہے، لیکن اس کا مناسب علاج مختلف پیچیدگیوں کو کم کر سکتا ہے، جن میں یادداشت کے مسائل بھی شامل ہیں۔

امریکہ اور پیورٹوریکو میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق، ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں پر تین سال کے دوران ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں شامل افراد کا موازنہ ایسے افراد سے کیا گیا جنہوں نے ہائی بلڈ پریشر کے علاج میں کمی کی یا بالکل علاج نہیں کرایا۔

تحقیق میں 67 سال کی اوسط عمر کے افراد شامل تھے، جن میں 36 فیصد خواتین تھیں۔ نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ 2015 سے 2018 کے دوران جن مریضوں نے ہائی بلڈ پریشر کا مستند علاج کروایا، ان کی یادداشت ان افراد سے بہتر تھی جنہوں نے علاج میں کمی کی تھی یا علاج نہیں کروایا تھا۔

تحقیق میں تقریباً 10 ہزار افراد کا ڈیٹا شامل تھا، جن میں سے ڈھائی ہزار افراد نے مستند علاج کروایا، جبکہ 300 افراد نے معمولی علاج کروایا۔ تحقیق کے نتائج نے یہ ثابت کیا کہ جن افراد نے بہتر علاج کروایا ان کی یادداشت نسبتاً بہتر تھی۔

ماہرین کے مطابق، جیسے ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانے سے دل کی بیماریوں اور دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ کم ہوتا ہے، اسی طرح اس پر قابو پانے سے یادداشت میں بھی بہتری آتی ہے۔

مزیدخبریں