الزائمر کی تشخیص کے لیے نیا طریقہ: گفتگو اور لکھنے کے ٹیسٹ کی مدد سے

07:43 PM, 28 Feb, 2025

بیجنگ: چینی ماہرین نے الزائمر کی ابتدائی تشخیص کے لیے ایک جدید ٹیسٹ تیار کیا ہے جس میں اے آئی ٹولز کی مدد سے افراد کی بولنے، لکھنے، پڑھنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ اس ٹیسٹ کا مقصد الزائمر کے ممکنہ مریضوں کی نشاندہی کرنا ہے۔

طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ماہرین نے ایک ملٹی ماڈیول ٹیسٹ ڈیزائن کیا ہے جس میں لارج لینگویج ماڈل (ایل ایل ایم) کا استعمال کیا گیا۔ اس ٹیسٹ میں آئیکونز کے ذریعے مسائل حل کرنے، لکھنے اور بولنے کی مشقیں شامل ہیں، تاکہ کسی فرد کی ذہنی حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔

ماہرین نے اس ٹیسٹ کی آزمائش کی، جس میں 80 فیصد درست تشخیص کی سطح حاصل کی گئی۔ یہ ٹیسٹ الزائمر کے ابتدائی مراحل کی شناخت میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جس سے مریضوں کو بروقت علاج مل سکتا ہے۔

الزائمر کی علامات میں بھلکڑپن، یادداشت کی کمی، اور بولنے میں مشکلات شامل ہیں، اور یہ بیماری عام طور پر دماغ میں ایڈیلوئیڈ بیٹا پروٹین کے بڑھنے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ ٹیسٹ الزائمر کی ابتدائی تشخیص میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزیدخبریں