بچے کی بریانی کی فرمائش پر کیرالا حکومت نے سکول مینیو میں تبدیلی کا اعلان

07:12 PM, 28 Feb, 2025

کیرالا: بھارتی ریاست کیرالا کے ایک بچے کی بریانی کی فرمائش پر حکومت نے آنگن واڈی سینٹرز کے مینیو میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی وزیر تعلیم و صحت وینا جارج نے ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی غذا کے مینیو میں تبدیلی کا فیصلہ کیا۔ اس ویڈیو میں کم سن بچہ شکایت کر رہا ہے کہ آنگن واڈی سینٹر میں اُسے بریانی نہیں ملتی، اور وہ چکن بریانی کی فرمائش کرتا ہے۔

وزیر وینا جارج نے اس ویڈیو کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اب آنگن واڈی سینٹرز میں بچوں کی پسند اور فرمائش کا بھی خیال رکھا جائے گا اور بریانی کو مینیو میں شامل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد بچوں کی غذائی ضروریات کو مکمل کرنا ہے، اور اب ان کی پسندیدہ غذا جیسے بریانی بھی دی جائے گی۔

ویڈیو میں بچے کی والدہ بھی دکھائی دیتی ہیں جو اپنے بچے کو بریانی کھلاتی ہیں، جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

یہ آنگن واڈی سینٹرز بنیادی طور پر دیہاتی علاقوں میں بچوں کی تعلیم، صحت اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قائم کیے گئے تھے، اور اب یہ شہروں میں بھی بن چکے ہیں۔ ان سینٹرز میں بچوں کو مفت غذائیں فراہم کی جاتی ہیں، اور ان کا عملہ عموماً خواتین پر مشتمل ہوتا ہے۔

مزیدخبریں