لاہور: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ لاہور میں کالی گھٹائیں چھا گئیں، آسمان پر گہرے بادل ہیں اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔
لاہور کے ایوان اوقاف میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس کی صدارت ڈی جی اوقاف خالد محمود کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق رمضان المبارک کا چاند جمعہ کی صبح 5 بج کر 45 منٹ پر پیدا ہوا، لیکن غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر زیادہ سے زیادہ 14 گھنٹوں سے کم ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کے لیے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے، جبکہ چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ جو کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے، وہ آج صرف 5 ڈگری ہے۔
ماہرین کے مطابق غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کم از کم 40 منٹ ہونا ضروری ہے۔ کوئٹہ اور جیوانی میں یہ فرق 30 منٹ ہوگا، جبکہ پاکستان کے دیگر تمام علاقوں میں یہ فرق 29 منٹ تک متوقع ہے۔
لاہور میں غروبِ آفتاب کا وقت 6 بجے ہے، اور چاند نظر آنے کا وقت لاہور میں 6 بج کر 32 منٹ ہوگا، جبکہ پنجاب میں چاند نظر آنے کا وقت 6 بج کر 47 منٹ تک ہوگا۔
یہ اجلاس رمضان کے چاند کے حوالے سے تمام ضروری معلومات حاصل کرنے اور چاند کی رویت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔