چکوال: چکوال کی حدود میں موٹروے ایم ٹو پر نیلہ دولہ کے قریب ایک مسافر بس کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، بس کراچی سے سوات جا رہی تھی، جو نیلہ دولہ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ 18 زخمی ہوئے، جن میں سے 3 زخمی ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، جس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 تک پہنچ گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے فوراً موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو چکوال منتقل کیا۔ بس کو کرین کی مدد سے سیدھا کر لیا گیا اور علاقے کو محفوظ کر لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا تھا۔