امریکی اسلحہ اور اس سے متعلق معاملات پاکستان کا معاملہ نہیں، دفتر خارجہ کا ردعمل

03:02 PM, 28 Feb, 2025

اسلام آباد:  دفتر خارجہ نے امریکی اسلحہ سے متعلق حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ اور اس سے متعلق معاملات افغانستان اور امریکا کا اندرونی معاملہ ہیں، پاکستان اس پر کوئی مؤقف نہیں رکھتا۔

ترجمان شفقت علی خان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی اسلحہ کا غلط استعمال پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 8 پاکستانی جو امریکا سے جلا وطن ہو کر پاکستان پہنچے ہیں، ان کی شناخت کے بارے میں معلومات ایف آئی اے اور وزارت داخلہ فراہم کر سکتی ہیں، جبکہ پاکستان ان افراد کی واپسی کے حوالے سے سہولت فراہم کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اہم سفارتی تعلقات ہیں۔ ایف 16 پروگرام کے بارے میں امریکا کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کا پاکستان کا دورہ کامیاب رہا، جس میں پانچ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے آذربائیجان اور ازبکستان کا بھی دورہ کیا۔

مزیدخبریں