لاہور: نیو ایئر نائٹ کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات، 25,000 پولیس اہلکار تعینات

12:31 PM, 28 Dec, 2025

لاہور : نیو ایئر نائٹ کے موقع پر لاہور اور پنجاب بھر میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے، جس کے تحت 25,000 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر ہوں گے۔

پولیس حکام کے مطابق، لاہور میں 5,000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ شہر بھر میں امن و سکون برقرار رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ، سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی اور پولیس کو ہر وقت ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے واضح کیا کہ نیو ایئر نائٹ پر کسی بھی قسم کی ہلڑ بازی، ون ویلنگ یا ہوائی فائرنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ خواتین اور شہریوں کو تنگ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں فوری طور پر گرفتار کر لیا جائے گا۔

پولیس کی دیگر خصوصی فورسز جیسے ڈولفن اسکواڈ، ایلیٹ فورس، اور پی ایچ پی ٹیمیں سڑکوں اور شاہراہوں پر اضافی پٹرولنگ کریں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، لاہور اور دیگر شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔

آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو نظرانداز نہ کریں اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔

مزیدخبریں