بارشوں اور سیلاب کے دوران بجلی کی مسلسل سپلائی کے لیے ڈسکوز کو الرٹ رہنے کی ہدایت

06:38 PM, 28 Aug, 2025

اسلام آباد: ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر، پاور ڈویژن نے بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکوز) کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عوام کو بجلی کی خدمات بغیر کسی خلل کے فراہم کریں۔

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی پیغام میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈسکوز اپنی آپریشنل ٹیموں کو چوکس رکھیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ علاوہ ازیں، سب اسٹیشنز، فیڈرز اور کنٹرول رومز کی حفاظت کے لیے فوری حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔

ذرائع کے مطابق، پاور ڈویژن نے فلڈ مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے جو ڈسکوز سے روزانہ دو مرتبہ حالات کی مکمل رپورٹ طلب کرے گا تاکہ سیلاب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔

انتظامیہ نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ڈسکوز مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

پاور ڈویژن نے اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لیتے ہوئے بجلی کے نظام کے تحفظ اور صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
 
 

مزیدخبریں