وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے نارووال کے سیلاب زدہ علاقے کا دورہ کیا، امدادی کاموں کا جائزہ

02:11 PM, 28 Aug, 2025

نارووال: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے شدید متاثرہ نارووال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حکام سے صورتحال اور امدادی کاموں کی تفصیلات سنی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بتایا کہ مون سون کے پہلے مرحلے میں پہاڑی علاقوں میں تیز بارشیں ہوئیں جبکہ اب سیلابی پانی میدانی علاقوں میں بھی پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور سیالکوٹ میں غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں طغیانی آئی ہے، خاص طور پر خانکی اور قادرآباد میں پانی کا بہاؤ بہت زیادہ ہے۔ انعام حیدر ملک نے کہا کہ مغربی دریا معمول کے بہاؤ پر ہیں، مگر مشرقی دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مؤثر پیشگی اطلاعات کے نظام کی بدولت نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے باعث زیادہ متاثر ہو رہا ہے، اس لیے ہمیں پانی ذخیرہ کرنے اور چھوٹے ڈیم بنانے پر توجہ دینی ہوگی تاکہ آئندہ ایسے حالات سے بہتر نمٹا جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نارووال سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے اور پنجاب انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے بھرپور کام کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مویشیوں کے لیے چارے اور پانی کا انتظام کیا جا رہا ہے اور پاک فوج بھی امدادی کارروائیوں میں مدد دے رہی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ نارووال میں فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور کئی جگہوں پر سڑکوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پہلے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں نقصان ہوا اور اب سیلاب کا پانی پنجاب میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے سیلاب سے نمٹنے والے اداروں اور پاک فوج کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور عوام سے کہا کہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔

مزیدخبریں