لاہور: پاکستان کی معروف فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن نے مارکیٹنگ اور کمیونیکیشن کی دنیا کا 'آسکر' کہلانے والا عالمی ایفی ایوارڈ 2026 جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ الخدمت کو یہ اعزاز کرائسز ریسپانس کیٹیگری میں ان کی متاثر کن انسانی امدادی مہم پر دیا گیا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے یہ سلور ایفی ایوارڈ اپنی مہم "ہمت رکھو ہم ساتھ کھڑے ہیں" کے لیے حاصل کیا۔ ایفی ایوارڈز کی جیوری نے مہم کی نہ صرف تخلیقی بناوٹ بلکہ اس کے ذریعے اکٹھے ہونے والے فنڈز اور متاثرین تک پہنچنے والی فوری امداد کے اعداد و شمار کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیا۔
چیف مارکیٹنگ آفیسر محمد عمیر ادریس نے ٹیم کے ہمراہ ایوارڈ وصول کیا، جبکہ سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے اپنے خصوصی پیغام میں اس کامیابی کا سہرا تین طبقوں کے سر باندھا۔ رضاکار،جو سیلاب اور آفات میں فرنٹ لائن پر رہے۔ ڈونرز، جنہوں نے ادارے کی شفافیت پر اعتماد کیا۔ میڈیا ٹیم ، جس نے انسانیت کے دکھ کو زبان دی۔
سید وقاص جعفری کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کے فلاحی ادارے پیشہ ورانہ مہارت (Professionalism) میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز جہاں فخر کا باعث ہے، وہیں ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ خدمتِ خلق کی ذمہ داری اب مزید بڑھ چکی ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کا عالمی سطح پر اعزاز، مہم 'ہمت رکھو ہم ساتھ کھڑے ہیں' نے ایفی ایوارڈ جیت لیا
09:48 PM, 28 Apr, 2026