لاہور: واہگہ بارڈر پر "معرکہ حق بنیانِ مرصوص" کے ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ عظیم الشان ریلی اور تقریب قومی جذبے کا مظہر بن گئی۔ تقریب میں تمام مذاہب کے رہنماؤں اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کر کے ثابت کر دیا کہ پوری قوم اپنے ریاستی اداروں اور افواجِ پاکستان کے پیچھے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر اور سفیرِ امن ڈاکٹر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ "بنیانِ مرصوص" کا پیغام دینی ہم آہنگی اور ریاستی استحکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی نصرت سے آج پاکستان کے دشمن ناکام و نامراد ہوئے ہیں اور ملک امن کی راہ پر گامزن ہے۔
علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ بصیرت نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے لہو کو قوم کی بقا قرار دیتے ہوئے غازیوں کی خدمات کو بھی سراہا۔
تقریب میں بین المذاہب رواداری کا حسین منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب مسلم، سکھ، مسیحی اور ہندو برادری کے رہنماؤں نے مل کر فوجی جوانوں کو پھول پیش کیے۔ پریڈ کے دوران شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا اور "سپہ سالار قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں" کے نعروں سے واہگہ بارڈر گونج اٹھا۔
تقریب میں عسکری حکام بریگیڈیئر نئیر اور کرنل سکندر کے علاوہ ڈی آئی جی فیصل کامران، صوبائی وزیر رانا سکندر حیات، رمیش سنگھ اروڑا، اور دیگر مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام ملک کی ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔
واہگہ بارڈر: "معرکہ حق بنیانِ مرصوص" کی پہلی سالگرہ، ہزاروں افراد کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی
قیادت کی حکمت عملی سے باطل کا غرور خاک میں مل گیا، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری کا واہگہ بارڈر پر خطاب
06:39 PM, 28 Apr, 2026