شاؤشان: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے دورہ چین کے چوتھے روز صوبہ ہنان کے تاریخی شہر شاؤشان کا دورہ کیا، جو چین کے بانی رہنما چیئرمین ماؤزے تنگ کا مسکن رہا ہے۔ صدرِ مملکت نے اس موقع پر چینی انقلاب کی تاریخ اور اس کے بانی کی عظیم سیاسی بصیرت کو سراہا۔
دورے کے دوران صدر زرداری کو چیئرمین ماؤ کی زندگی کے ابتدائی برسوں اور ان کی سیاسی فکر کی تشکیل کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ انہیں بتایا گیا کہ کن سماجی اور سیاسی عوامل نے چیئرمین ماؤ کی سوچ کو بدلا اور انہیں ایک عظیم انقلاب کی قیادت کے لیے تیار کیا۔ صدر کو ان اداروں کے کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو انقلابی ورثے کو محفوظ بنانے اور اسے نئی نسل تک منتقل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
صدرِ مملکت نے تاریخی مواد کے تحفظ کے لیے چینی حکام کے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ شاؤشان جیسے مقامات نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کے سیاسی کارکنوں کے لیے سیکھنے کا مرکز ہیں۔ صدر زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کی جڑیں اتنی ہی گہری ہیں جتنی ان کی مشترکہ جدوجہد کی تاریخ۔
چین کے دورے پر صدر زرداری کی شاؤشان آمد، چیئرمین ماؤ کی سیاسی زندگی کے اہم گوشوں پر بریفنگ
12:10 PM, 28 Apr, 2026