آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی مہنگائی میں اضافہ، تجارتی راستے فوری بحال کیے جائیں: انتونیو گوتریس

10:35 AM, 28 Apr, 2026

نیویارک: اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں آبنائے ہرمز کی بندش پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی ختم کر کے عالمی سپلائی چین کی روانی کو یقینی بنائیں۔
سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی گزرگاہ ہے جس پر کسی قسم کا ٹول ٹیکس عائد نہیں ہے، لہٰذا اس کی بندش کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ انتونیو گوتریس نے خبردار کیا کہ اس بحران کا براہِ راست اثر عام آدمی پر پڑ رہا ہے اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تجارتی راستوں کو ہر قسم کی سیاسی کشیدگی سے پاک رکھا جائے اور بحری آمد و رفت کو فوری بحال ہونے دیا جائے۔
انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے ممالک اور متعلقہ فریقین کو پیغام دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور عالمی معیشت کا گلا گھونٹنے کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ تجارتی راستے ہی عالمی استحکام کی ضمانت ہیں۔

مزیدخبریں