لاہور : لاہور کے مختلف علاقوں میں اچانک بادلوں کے ڈیرے اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم کو دلکش بنا دیا ہے۔ کینال روڈ، جوہر ٹاؤن اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے حبس اور گرمی کی شدت دم توڑ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق بارش کے بعد شہر کا درجہ حرارت گر کر 28 ڈگری سینٹی گریڈ پر آ گیا ہے۔ آج دن بھر درجہ حرارت 27 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر کے افق پر بادل چھائے ہوئے ہیں اور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہر میں مطلع ابر آلود رہنے کے باعث وقفے وقفے سے مزید بارش کا قوی امکان ہے جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی امید ہے۔