بھارت داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے، بلاول بھٹو

10:08 PM, 28 Apr, 2025

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت ایک بار پھر بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کر رہا ہے تاکہ اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹائی جا سکے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ایک دہشت گردی کا شکار ملک ہے اور ہم نے پہلگام حملے سمیت ہر دہشت گرد واقعے کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات فرسودہ اور بے بنیاد ہیں۔ پاکستان ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کا خواہاں رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بھارت نے ہر بار بات چیت کی کوششوں کو رد کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے سندھ طاس معاہدے سے یکطرفہ دستبردار ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سطح پر تشویش کا باعث ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کو اجتماعی سزا دینے کی پالیسیاں خطے میں مزید کشیدگی پیدا کر رہی ہیں۔

بلاول بھٹو نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی رویے کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام میں کردار ادا کرے۔

مزیدخبریں