سری نگر :مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک اور فیک انکاؤنٹر کا ارتکاب کیا ہے، جس میں کشمیری نوجوان الطاف لالی کو شہید کر دیا گیا۔ الطاف لالی کو 22 اپریل کو بھارتی فوج نے ان کے گھر سے اغوا کیا تھا، جس کے بعد فوج نے اسے "انکاؤنٹر" میں شہید کرنے کا دعویٰ کیا۔
ایک مقامی خاتون نے اس کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ الطاف لالی کی بہن کو پولیس سٹیشن بلایا گیا اور بتایا گیا کہ الطاف کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ لیکن بعد میں ان کو اطلاع دی گئی کہ الطاف کا انکاؤنٹر ہو چکا ہے۔ خاتون نے سوال اٹھایا کہ اگر الطاف عسکریت پسند تھا تو وہ اپنے گھر میں کیسے رہ رہا تھا؟
خاتون نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے الطاف کو دور لے جا کر شہید کیا اور اس کی لاش بھی نہیں دی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ بھارتی فوج کو بخوبی علم تھا کہ الطاف لالی عسکریت پسند کمانڈر نہیں تھا، پھر بھی اسے کیوں شہید کیا گیا؟
یہ واقعہ بھارتی فوج کے جھوٹے انکاؤنٹرز کی حقیقت کو ایک مرتبہ پھر بے نقاب کرتا ہے، اور کشمیری عوام عالمی سطح پر اس پر آواز اٹھا رہے ہیں۔