اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے کام کی جگہوں پر نہ صرف حفاظت اور صحت کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ مجموعی طور پر کام کا ماحول بھی زیادہ مؤثر اور محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
"کام کی جگہوں پر حفاظت اور صحت" کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود ہر شعبے میں ترجیح ہونی چاہیے، اور اس کے لیے وہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے دنیا بھر میں ڈیجیٹل سسٹمز کا استعمال بڑھ رہا ہے، ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ ٹیکنالوجیز کس طرح محنت کشوں کی زندگی آسان اور محفوظ بنا سکتی ہیں۔ جدید آلات اور سسٹمز کی مدد سے اب ممکن ہو گیا ہے کہ خطرات کا پہلے سے پتا لگا لیا جائے اور حادثات سے بچاؤ کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت ایک ایسا قانونی اور پالیسی نظام تیار کر رہی ہے جو کام کرنے والے ہر فرد کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے صنعتوں، محنت کشوں، پالیسی سازوں اور ٹیکنالوجی ماہرین کو مل کر کام کرنے کی دعوت دی تاکہ ایسا مستقبل بنایا جا سکے جہاں ٹیکنالوجی انسانی اقدار کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے۔