پہلگام حملے کے بعد بھارت کا دہشت گردی کا چہرہ بے نقاب، مقبوضہ کشمیر میں مزید 5 گھر تباہ کردیے

10:59 AM, 28 Apr, 2025

سری نگر : مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج  نےتازہ کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے ظلم کا ایک اور مظاہرہ دکھایا ہے، جہاں قابض فورسز نے پانچ کشمیری خاندانوں کے گھروں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا۔ یہ گھرتباہ کیے جانے والے عام کشمیریوں کے تھے، جن میں عامر نذیر وانی، جمیل احمد، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد کے والدین کے مکانات شامل تھے۔ دھماکوں کی وجہ سے نہ صرف یہ گھرتباہ ہوئے بلکہ کئی قریبی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ذرائع کے مطابق، گزشتہ تین دنوں میں بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں سات کشمیری خاندانوں کے گھروں کو تباہ کیا، جس کے نتیجے میں ان خاندانوں کو بے گھر ہونے کے علاوہ شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی فوج کی یہ کارروائیاں کشمیریوں کے عزم کو توڑنے کی کوشش ہیں، جبکہ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کی زمین پر قبضہ کرنے کے لیے اسرائیلی طرز کے حربے استعمال کر رہا ہے، تاکہ انہیں بے گھر کیا جا سکے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ بھارت کا مقصد کشمیریوں کو بے دخل کرنا اور کشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت کے جبر کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور بھارت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

مزیدخبریں