کابل:افغانستان کے صوبہ نورستان اور کنڑ کے مختلف علاقوں میں طالبان اور مزاحمتی گروہوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق کَمَدیش میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران طالبان کے 9 اہلکار ہلاک، 11 زخمی جبکہ 9 لاپتا ہوگئے۔ جھڑپوں کے بعد لڑائی کا دائرہ کَمَدیش سے بڑھ کر کنڑ کے مختلف علاقوں تک پھیل گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مزاحمتی گروہوں نے کَمَدیش کے بعض علاقوں میں طالبان کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مزاحمتی گروہوں کی جانب سے طالبان کے جانی نقصان کے دعوے کیے گئے ہیں، تاہم ہلاکتوں اور دیگر نقصانات سے متعلق اطلاعات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
نورستان اور کنڑ کے مختلف علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ جھڑپوں کے حوالے سے مزید اطلاعات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔