کیلیفورنیا : مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ ایپ کے انٹرفیس میں ایک نئی تبدیلی کی جانچ شروع کردی ہے، جس کے تحت نیچے موجود نیویگیشن بار کو نئے اور زیادہ جدید انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔
نیا ڈیزائن فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.38.10 میں آزمایا جا رہا ہے۔ اس میں نیویگیشن بار کو فلوٹنگ شکل دی گئی ہے جبکہ اس کے کنارے گول رکھے گئے ہیں، جس سے یہ ایپ کے دیگر حصوں سے الگ اور نمایاں دکھائی دیتا ہے۔
یاد رہے کہ واٹس ایپ نے 2023 میں بیٹا ورژن 2.23.10.6 کے ذریعے چیٹس، کمیونٹیز، اپ ڈیٹس اور کالز کے لیے نیویگیشن بار کو اسکرین کے نچلے حصے میں منتقل کیا تھا۔ اب کمپنی نے اسی حصے کے ڈیزائن میں ایک بار پھر تبدیلی کا تجربہ شروع کیا ہے۔
نیا اینڈرائیڈ انٹرفیس آئی او ایس پر موجود واٹس ایپ کے فلوٹنگ ٹیب بار سے مشابہت رکھتا ہے، تاہم اینڈرائیڈ ورژن میں گوگل کے ڈیزائن گائیڈ لائنز کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ نیا انداز لائٹ تھیم میں زیادہ نمایاں نظر آتا ہے، جبکہ ڈارک تھیم میں تبدیلی نسبتاً کم واضح ہے۔
یہ فیچر ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے ضروری نہیں کہ موجودہ شکل میں اسے تمام صارفین کے لیے جاری کیا جائے۔ واٹس ایپ کی نئی خصوصیات پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفو بھی حالیہ عرصے میں صارفین سے اینڈرائیڈ ایپ کے موجودہ انٹرفیس کے بارے میں رائے لے چکی ہے۔