راولپنڈی :بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 21 ستمبر کو زیارت اور گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں اب تک 33 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جاری رہیں گی۔