بہاولپور:بہاولپور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں 20 امیدوار مدمقابل ہیں۔
حلقے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ حلقے میں 4 لاکھ 83 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
یہ نشست مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ان کے صاحبزادے منیر اقبال چنڑ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں، جبکہ ولی داد چیمہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں۔