جاپان : ایشین گیمز کے جیولن تھرو مقابلے کا فائنل کل کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان کے ارشد ندیم اور یاسر سلطان سمیت 14 ایتھلیٹس اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم سے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ یاسر سلطان بھی میڈل حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
فائنل میں سری لنکا کے رمیش تھرانگا بھی شریک ہوں گے، جنہیں گولڈ میڈل کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ بھارت کے دو ایتھلیٹس بھی مقابلے میں حصہ لیں گے، تاہم بھارتی اسٹار نیرج چوپڑا اس مرتبہ ایشین گیمز میں شرکت نہیں کر رہے۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ کے مطابق قومی ایتھلیٹ نے لاہور میں ٹریننگ کے بعد جاپان کے موسمی اور دیگر حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی بھرپور تیاری کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم مکمل فٹ ہیں اور فائنل کے لیے بہترین فارم میں موجود ہیں۔