ایشین گیمز 2026: نور زمان نے برونز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرلی

05:05 PM, 27 Sep, 2026

کراچی: پاکستان کے نوجوان سکواش کھلاڑی اور عالمی انڈر 23 چیمپیئن نور زمان نے ایشین گیمز 2026 کے مینز انفرادی مقابلے میں ہم وطن اشعب عرفان کو شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔

جاپان میں جاری ایونٹ کے پوزیشن میچ میں نور زمان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اشعب عرفان کو 0-3 سے شکست دی۔ انہوں نے پہلے دونوں گیمز 11-7 کے یکساں سکور سے جیت کر میچ میں برتری حاصل کی۔

تیسرے گیم میں اشعب عرفان نے مقابلہ سخت بنانے کی کوشش کی، تاہم نور زمان نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 13-11 سے گیم جیت لیا اور یوں میچ کے ساتھ تیسری پوزیشن بھی حاصل کرلی۔

دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کو سیمی فائنل میں ناکامی کے بعد برونز میڈل ملا تھا، جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کا فیصلہ پوزیشن میچ کے ذریعے ہوا۔

22 سالہ نور زمان عالمی رینکنگ میں 29ویں نمبر پر ہیں، جبکہ اشعب عرفان عالمی سطح پر 49ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ ایشین گیمز کا یہ مقابلہ عالمی رینکنگ اور مستقبل کے بڑے ایونٹس، خصوصاً اولمپکس، کے لیے سیڈنگ کے حوالے سے بھی اہمیت رکھتا ہے۔

سیمی فائنل میں نور زمان کو ملائیشیا کے ایان یونگ نگ نے شکست دی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کے ابھے سنگھ نے اشعب عرفان کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

مزیدخبریں