پنجاب کام کر رہا ہے، تنقید کرنے والے بھی عملی کام کریں: مریم نواز

09:59 PM, 27 Sep, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب بھرپور طریقے سے کام کر رہا ہے جبکہ بعض حلقے صرف تنقید میں مشغول ہیں۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ اگر واقعی عوام کی بھلائی چاہتے ہیں تو اپنے صوبوں میں کام کریں۔

وزیراعلیٰ نے لاہور میں سیلاب سروے مہم کے رضا کاروں سے حلف لیا اور کہا کہ یہ رضاکار صرف نقصانات کا جائزہ لینے نہیں جا رہے بلکہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ لے کر کام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب کے علاقوں میں شدید سیلاب سے تقریباً پچیس شہروں کو نقصان پہنچا ہے اور متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے خواجہ سلمان رفیق کی انتھک محنت کو سراہا، جو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دن رات مصروف ہیں۔ مریم اورنگزیب نے بھی مظفر گڑھ کے دیہی علاقوں میں کام کیا اور 18 گھنٹے روزانہ محنت کی۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور پولیس کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ریلیف کے کاموں میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بروقت انخلا اور ریلیف آپریشنز میں کامیابی حاصل کی، اور یہ پہلا صوبہ ہے جس نے 25 لاکھ افراد کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدگان کے لیے کلینک آن ویلز اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی گئیں، اور سیلاب کے بعد کوئی بیماری پھیلنے نہیں دی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ تنقید کرنے والے اپنی توجہ اپنے صوبوں کی بہتری پر مرکوز کریں، کیونکہ تنقید کا مقصد صرف پنجاب کو روکنا ہے جہاں واقعی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوام کے دکھ درد میں شریک رہتی ہیں اور جہاں ضرورت ہو، وہاں پہنچتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کام کرتے ہیں وہ خودبخود نمایاں ہوتے ہیں، اور کیمرے ان کے پیچھے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنقید صرف پنجاب کے خلاف ہو رہی ہے کیونکہ کام صرف یہاں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کو نظر انداز کرکے اپنے کام پر توجہ دینا بہتر ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نہ صرف سیلاب کی صورتحال سنبھال رہی ہے بلکہ ترقیاتی منصوبے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں گرین بسیں شامل ہیں جو مختلف شہروں میں چل رہی ہیں۔ انہوں نے پیر پگارا کی تعریف کا بھی ذکر کیا جنہوں نے پنجاب کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ جلد ہی سیلاب کا نقصان مٹا دیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں متاثرین کے کھانے پینے اور رہائش کے مناسب انتظامات کیے جا رہے ہیں، اور نقصان کا مکمل تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پنجاب آتے ہیں وہ یہاں کی ترقی اور کارکردگی دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں، اور یہ اس لیے ممکن ہوا ہے کیونکہ یہاں زیادہ تر وقت مسلم لیگ ن کی حکومت رہی ہے جو عوام کے مسائل کو سمجھتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں