’’فلم بند، مگر ایشیا کپ جاری؟‘‘:دلجیت دوسانجھ کا بھارتی حکومت پر طنز

01:13 PM, 27 Sep, 2025

ملائیشیا:معروف پنجابی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی فلم سردار جی 3 پر لگائی گئی پابندی کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے بھارتی حکومت اور میڈیا پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے یہ بیان ملائیشیا میں ایک کنسرٹ کے دوران دیا، جہاں انہوں نے بھارتی پالیسیوں میں تضاد کو نشانہ بنایا۔

دلجیت کا کہنا تھا کہ ان کی فلم فروری میں شوٹ کی گئی، جبکہ پہلگام واقعہ اپریل میں پیش آیا۔ اس کے باوجود فلم پر پابندی لگا دی گئی، جبکہ اسی دوران پاکستان کے خلاف کرکٹ میچز اور ایشیا کپ جاری ہیں۔

"ہم سب چاہتے ہیں کہ مجرموں کو سزا ملے، لیکن سوال یہ ہے کہ اگر میری فلم واقعے سے پہلے بنی تھی، تو وہ کیوں بند ہوئی؟ اور اگر کشیدگی ہے، تو کھیل کیسے جاری ہیں؟"
انہوں نے سٹیج پر لہرائے گئے بھارتی پرچم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا "یہ میرے ملک کا جھنڈا ہے، اس کے لیے احترام ہمیشہ رہے گا۔ لیکن میڈیا نے مجھے غدار تک قرار دیا۔"
دلجیت نے زور دے کر کہا کہ پنجابی اور سکھ کبھی اپنے ملک کے خلاف نہیں جا سکتے، اور ان پر لگائے گئے الزامات افسوسناک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "انصاف کا تقاضا ہے کہ ہر شعبے کے لیے ایک ہی پیمانہ اپنایا جائے۔"

یاد رہے کہ سردار جی 3 پر پابندی کے بعد فلم فیڈریشن آف انڈیا نے دلجیت کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ اگرچہ فلم بھارت میں ریلیز نہ ہو سکی، مگر دنیا بھر میں اسے کامیابی ملی۔

دلجیت کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب بھارت اور پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہیں، مگر ایشیا کپ جیسا بڑا کرکٹ ایونٹ بدستور جاری ہے، جو حکومتی مؤقف میں تضاد کی نشاندہی کرتا ہے۔

مزیدخبریں