وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت، امن و امان اور عوامی سہولتوں کے لیے بھرپور اقدامات

05:44 PM, 27 Oct, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس میں صوبے میں عوام کی سہولتوں اور مساجد کے تقدس کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔ اجلاس میں انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ عوام کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں اور قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی 65 ہزار مساجد میں نماز جمعہ اور دیگر نمازیں باجماعت ادا کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسجد اللہ تعالیٰ کا گھر ہے اور اس کا تقدس برقرار رکھنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ شرپسندی کے لیے مساجد کے استعمال کی نشاندہی ہر شہری کا فرض ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ صوبے کے تمام اماموں کے لیے مستقل وظیفے مقرر کیے جائیں گے اور محلے میں چندہ جمع کر کے امام کو ادائیگی غیر مناسب ہے۔ حکومت پنجاب اماموں کی معاشی ضروریات پوری کرے گی۔

مساجد کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹس کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع کے لیے سڑکوں کی مرمت مکمل کر دی گئی، گڑھے بھر دیے گئے اور خصوصی بسوں اور فول پروف سکیورٹی کا انتظام کیا گیا۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ آئمہ کرام کے پاس خود جائیں۔ صوبے میں سائبر کرائم سیل کے قیام اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

ان اقدامات کو مذہبی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے اور اسے صوبے میں امن و امان کی مضبوطی اور عوام کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں