انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

12:39 PM, 27 Oct, 2025

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی 26 نومبر کے احتجاج کے دوران تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران علیمہ خان کی غیر حاضری پر کی گئی۔

اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کے دوران علیمہ خان کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ نہ صرف علیمہ خان بلکہ ان کے وکلا بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان مسلسل عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کر رہی ہیں، جبکہ دیگر گواہ اور ملزمان عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔

عدالت نے علیمہ خان کی غیر حاضری کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور نادرا، سٹیٹ بینک اور ڈی جی امیگریشن سے ان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی رپورٹ طلب کر لی۔ سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں