اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں جنرل مرزا نے بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل حسن محمود خان اور مسلح افواج کے اہم حکام سے بات چیت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا تھا۔ جنرل مرزا نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو خود مختاری اور باہمی احترام کی بنیاد پر مزید گہرا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے اپنے دورے کے دوران کہا کہ پاکستان، بنگلہ دیش کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے، اور دونوں ممالک کے مابین علاقائی اور عالمی سکیورٹی مسائل پر بھی مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔ جنرل مرزا نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کی مضبوطی دونوں ممالک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔