کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کے تجربے کو مزید آسان بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے آپ اب گروپ کے تمام ممبروں کو ایک ساتھ ٹیگ کر سکیں گے۔ اس فیچر کے ذریعے، صارفین @all کا استعمال کر کے ایک ہی وقت میں گروپ کے تمام افراد کو نوٹیفیکیشن بھیج سکتے ہیں۔
پہلے، گروپ چیٹس میں ہر فرد کو الگ الگ میشن کرنا پڑتا تھا، جو کافی وقت لے سکتا تھا اور بعض اوقات کچھ نام چھوٹ بھی جاتے تھے۔ مگر اب اس نئے فیچر کی بدولت آپ بیک وقت سب کو نوٹیفکیشن بھیج سکیں گے، چاہے کسی نے گروپ کو میوٹ کیا ہو۔
یہ فیچر خاص طور پر بڑے گروپوں یا کمیونٹی چیٹس میں بہت فائدہ مند ثابت ہوگا، جہاں اہم پیغامات یا اپ ڈیٹس کو تمام ارکان تک فوراً پہنچانا ضروری ہوتا ہے۔
یہ فیچر صرف گروپ ایڈمن تک محدود نہیں ہے، بلکہ کوئی بھی فرد اس کا استعمال کر سکے گا۔ مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ واٹس ایپ ایک اور فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین @all کے نوٹیفیکیشنز کو میوٹ بھی کر سکیں گے۔
فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے، اور یہ مستقبل قریب میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو سکتا ہے۔