غزہ: اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں، جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی جانوں کا نقصان اور زخمیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے پر حملہ کر کے ایک اور فلسطینی کو شہید کر دیا، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
غزہ میں جنگ بندی کے بعد سے اب تک 93 فلسطینی شہید اور 320 زخمی ہو چکے ہیں۔ فلسطینی شہداء کی تعداد 68,519 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 170,382 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فورسز کے حملے اور غیر قانونی آبادکاری کے مسائل کی وجہ سے مغربی کنارے اور غزہ میں حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے بھی رکنے کا نام نہیں لے رہے، جس سے علاقے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے غزہ کی حالت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور انسانی بحران کو سنگین قرار دیا ہے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی کے بعد 90 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اور اسرائیل نے رفح بارڈر کو بند کر کے امداد کی فراہمی روک دی ہے، جس سے غزہ کی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ حازم قاسم نے کہا کہ حماس غزہ میں امن معاہدے کی کامیابی کے لیے پرعزم ہے اور اس کے نفاذ کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصر، قطر اور ترکیہ نے واضح ضمانتیں دی ہیں، اور امریکا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم نہیں کیا جائے گا، جسے حازم قاسم نے ایک مثبت قدم قرار دیا۔