پنجاب میں فضائی آلودگی میں خطرناک اضافہ، لاہور دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں شامل

09:40 AM, 27 Oct, 2025

لاہور : پنجاب بھر میں فضائی آلودگی میں اچانک شدت آ گئی ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ بھارت سے آنے والی آلودہ ہوائیں ہیں جو مسلسل صوبے کی فضاؤں میں داخل ہو رہی ہیں۔ لاہور اور اس کے قریبی علاقے اس وقت فضائی آلودگی کے حوالے سے شدید متاثر ہیں، اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 312 تک جا پہنچا ہے، جس کی وجہ سے لاہور دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔

دہلی کا اے کیو آئی 239 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ فیصل آباد میں 540، گوجرانوالہ میں 371، ملتان میں 364 اور بہاولپور میں 250 کے قریب ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

یہ آلودگی بھارت کے پنجاب اور ہریانہ کے زرعی علاقوں میں فصلوں کی باقیات کو جلانے کی وجہ سے بڑھ رہی ہے۔ شمال مشرق سے چلنے والی کم رفتار ہوائیں ان آلودہ ذرات کو لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں تک لے کر آ رہی ہیں، جس سے فضا میں PM₂.₅ اور PM₁₀ ذرات شامل ہو گئے ہیں۔ ان ہواؤں کی رفتار بہت کم ہونے کے باعث یہ آلودگی کے ذرات زمین کے قریب جمع ہو کر فضائی معیار کو خراب کر رہی ہیں۔

لاہور کے اسپتالوں میں سانس کی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فضائی آلودگی کی شدت صبح اور رات کے اوقات میں زیادہ ہو گی، جب کہ دوپہر کے وقت تھوڑی بہتری متوقع ہے کیونکہ درجہ حرارت بڑھنے سے آلودگی میں کمی ہو سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سموگ کے خلاف آپریشنز تیز کر دیے گئے ہیں۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور اور گوجرانوالہ میں اینٹی سموگ سکواڈز فعال کر دیے گئے ہیں، اور صنعتی علاقوں اور بھٹہ جات کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ محکمہ زراعت کو بھارتی طرز پر فصلوں کی باقیات جلانے کے متبادل طریقے تیز کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شام 8 بجے کے بعد غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، خاص طور پر بزرگوں اور بچوں کو گھر سے باہر نہ لے جائیں۔ اس کے علاوہ، شام کے وقت ہوٹلوں اور ریستورانوں میں کھانے پینے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فضائی آلودگی اور سردیوں کی آمد کے پیش نظر، پنجاب حکومت نے اسکولوں کے اوقات میں بھی تبدیلی کر دی ہے۔ آج سے اسکول صبح 8:45 بجے کھلیں گے تاکہ بچوں کو آلودہ فضاء سے بچایا جا سکے۔

مزیدخبریں