متحدہ عرب امارات نے عام پاکستانیوں کے ویزے روک دیے، حکومتی حکام کا انکشاف

07:48 PM, 27 Nov, 2025

اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عام پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کرنا بند کر دیے ہیں۔ اس وقت یو اے ای صرف ڈپلومیٹک اور بلیو پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزے جاری کر رہا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں اس بات کا بتایا کہ پاکستانیوں کو ویزے جاری نہ کیے جانے کی وجہ سے لاکھوں پاکستانیوں کے بیرونِ ملک جانے اور کام کے مواقع متاثر ہو سکتے ہیں۔

اجلاس کے دوران وزارتِ داخلہ کے حکام نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر ویزہ پابندی لگتے لگتے رہ گئی تھی اور اگر یو اے ای اس پابندی کو نافذ کر دیتا تو اس پابندی کو ختم کروانا انتہائی مشکل ہوتا۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ 61 ممالک میں 21,647 پاکستانی قید ہیں، جن میں سے زیادہ تر معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث ہیں۔

اس کے علاوہ، وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ نادرا نے پاکستانی شہریوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل کر لیا ہے تاکہ مستقبل میں غیر قانونی سرگرمیوں کا تدارک کیا جا سکے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق 93 فیصد پاکستانی ورک فورس خلیج ممالک میں کام کرتی ہے اور ان ممالک میں موجود انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک بھی سرگرم ہیں، جو نوجوانوں سے بڑی رقم لے کر انہیں غیر قانونی راستوں پر بھیجتے ہیں۔

کمیٹی نے وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف فوری طور پر آگاہی مہم چلائی جائے اور قونصلر سہولتوں میں بہتری لائی جائے۔ سینیٹ کمیٹی نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ایئرپورٹس اور شہروں میں اس حوالے سے آگاہی مہم کا فقدان ہے۔

یہ انکشافات اس وقت سامنے آئے ہیں جب پاکستانی شہریوں کی بیرونِ ملک ملازمت کی خواہش میں اضافے کے باوجود انہیں ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
 
 

مزیدخبریں