منامہ: وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے بحرین کے وزیرِ داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور دیگر اہم مسائل پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
دونوں وزرائے داخلہ نے انسدادِ منشیات کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور معلومات کے تبادلے کو زیادہ مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ محسن نقوی نے بحرینی وزیرِ داخلہ کی گرمجوشی سے میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے بحرین کے ساتھ سیکیورٹی اور استحکام کے میدان میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر قائم ہیں، اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان قریبی تعاون خطے میں امن اور استحکام کے لیے بہت اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ایک محفوظ اور روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔