الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

11:59 AM, 27 Nov, 2025

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی مختلف نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ان انتخابات میں کئی امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، تاہم کچھ حلقوں میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث نتائج کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا ہے۔

کامیاب امیدواروں میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 18 ہری پور سے بابر نواز خان، این اے 104 فیصل آباد سے دانیال احمد، اور این اے 129 لاہور سے محمد نعمان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، این اے 143 ساہیوال سے محمد طفیل اور این اے 185 سے محمود قادر خان نے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔

صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی کامیاب امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں پی پی 73 سرگودھا سے میاں سلطان علی رانجھا، پی پی 87 میانوالی سے علی حیدر نور، اور پی پی 98 فیصل آباد سے آزاد علی تبسم شامل ہیں۔ اسی طرح پی پی 115 سے محمد طاہر پرویز، پی پی 203 ساہیوال سے محمد حنیف، پی پی 116 فیصل آباد سے احمد شہریار اور پی پی 269 مظفرگڑھ سے میاں علمدار عباس قریشی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 96 فیصل آباد کا نوٹیفکیشن روک دیا ہے، جہاں طلال چوہدری کے بھائی بلال بدر کامیاب ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی وجہ سے اس حلقے کے نتائج کا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔

ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر ووٹر ٹرن آؤٹ 28.58 فیصد رہا، لیکن مختلف حلقوں میں ٹرن آؤٹ کی شرح میں نمایاں فرق آیا۔ این اے 18 ہری پور میں 42.09 فیصد، پی پی 269 مظفرگڑھ میں 50.82 فیصد اور پی پی 73 سرگودھا میں 34.45 فیصد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ تاہم، بعض حلقوں میں کم ٹرن آؤٹ بھی ریکارڈ کیا گیا، جیسے این اے 104 فیصل آباد میں صرف 13.23 فیصد اور این اے 129 لاہور میں 18.67 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

مزیدخبریں