کراچی :نٹ شیل گروپ کے چیئرمین اور سابق وزیرِ سرمایہ کاری محمد اظفر احسن اور چینل ٹیک انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین سید مبشر امام کی جانب سے امیجن پاکستان 2030 ۔ چیلنجز، مواقع اور آگے کا راستہ کے عنوان سے ایک اہم فکری نشست منعقد کی گئی۔
ڈائیلاگ میں میاں عامر محمود (چیئرمین پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن و گروپ چیئرمین دنیا میڈیا گروپ) اور پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمٰن (چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان و فاؤنڈر سپیریئر گروپ) نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شرکا نے پاکستان کے مستقبل کے تناظر میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتظامی ڈھانچہ آبادی اور معاشی دباؤ کے باعث مؤثر حکمرانی کو محدود کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق انتظامی تقسیمِ کار میں بہتری ملک کی ترقی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور فیصلہ سازی کے عمل کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔
نشست میں ملک کی دانشور برادری، ماہرینِ تعلیم، میڈیا رہنماؤں اور مختلف شعبوں سے وابستہ 150 سے زائد معزز شخصیات نے شرکت کی، جنہوں نے پاکستان کے سیاسی، انتظامی اور معاشی مستقبل کے حوالے سے عملی تجاویز پیش کیں۔