واشنگٹن : امریکا نے افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستوں کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں پر گولی چلانے کے ایک واقعے کے بعد کیا گیا ہے، جس میں افغان شہری کا ملوث ہونا بتایا جا رہا ہے۔
امریکی سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروس (USCIS) نے سوشل میڈیا پر اس فیصلے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستوں کی سکیورٹی اور جانچ کے پروسیس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، اور اس کی وجہ سے ان درخواستوں پر فی الحال مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔
26 نومبر کو واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں کو گولی مار دی گئی تھی، اور ان کی حالت اس وقت تشویشناک ہے۔ امریکی حکام نے اس حملے کے بعد 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کو حراست میں لے لیا، جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان شہریوں کے لیے مزید سخت سکیورٹی چیکنگ کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر جو بائیڈن کے دور میں کم از کم 76 ہزار افغان شہریوں کو امریکا میں پناہ دی گئی تھی، جنہوں نے افغانستان میں امریکی آپریشنز میں مختلف شعبوں میں مدد کی تھی۔