کراچی :میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بلدیاتی انتظامیہ کے لیے سال کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ پانچ روزہ خصوصی آپریشن کے دوران تمام ادارے فیلڈ میں سرگرم رہیں گے۔
باغِ جناح (پولو گراؤنڈ) میں نمازِ عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے انتظامی حکمتِ عملی کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں بلدیاتی عملے کو متحرک کر دیا گیا ہے اور قربانی کی آلائشوں کی فوری منتقلی کے لیے شہر بھر میں 105 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ عید کے ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پچھلے سال شہر سے 98 ہزار ٹن آلائشیں اٹھا کر ٹھکانے لگائی گئی تھیں، جبکہ اس سال انتظامات کو مزید بہتر کیا گیا ہے اور امید ہے کہ اس سے بھی زائد مقدار میں آلائشیں بلدیاتی اداروں کی بھرپور کوششوں سے کامیابی کے ساتھ صاف کر دی جائیں گی۔