کراچی مویشی منڈی میں نیشنل بینک کا جدید قدم، اے ٹی ایم اور ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم

05:52 PM, 27 May, 2025

کراچی: نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے عیدالاضحی کے موقع پر کراچی کی ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں بینکاری خدمات کو جدید بنانے کے لیے اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد جانوروں کی خرید و فروخت کے دوران مالی لین دین کو محفوظ، آسان اور تیز تر بنانا ہے۔

بینک کی جانب سے تعینات کردہ عملہ صارفین کی رہنمائی کے لیے منڈی میں موجود ہوگا تاکہ وہ اے ٹی ایم کے استعمال اور دیگر ڈیجیٹل سروسز سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ صارفین نہ صرف نقد رقم نکال سکیں گے بلکہ این بی پی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ادائیگیاں بھی کر سکیں گے۔

یہ اقدام سٹیٹ بینک آف پاکستان کی "گو کیش لیس" مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل بینکاری کو فروغ دینا اور مالی شمولیت کو وسعت دینا ہے۔ اس سہولت سے منڈی میں آنے والے تاجروں، خریداروں اور کسانوں کو بڑی مقدار میں نقدی رکھنے کی ضرورت کم ہو جائے گی، جس سے سیکیورٹی کے خدشات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

این بی پی کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ اور ریٹیل بینکنگ گروپ کے قائم مقام گروپ چیف، فیصل احمد ٹوپرا نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ نیشنل بینک کراچی مویشی منڈی میں اے ٹی ایم سروس فراہم کر رہا ہے۔ یہ سہولت صارفین کے لیے مالی لین دین کو محفوظ، سہل اور جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ این بی پی کا مقصد بینکاری کی سہولت کو عام شہری تک پہنچانا اور معیشت کو ڈیجیٹل سمت میں گامزن کرنا ہے، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب مالی سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں۔

مزیدخبریں