پنجاب کا نیا ترقیاتی بجٹ: نواز شریف کو بریفنگ، 2000 ارب کے منصوبے پیش، 1100 ارب تک محدود کرنے کی تجویز

05:15 PM, 27 May, 2025

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ پر مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے محکموں کی جانب سے تجویز کردہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نواز شریف کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ فریم پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مختلف محکموں نے مجموعی طور پر 2000 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے تجویز کیے ہیں، تاہم دستیاب وسائل کی روشنی میں ترقیاتی بجٹ کو 1000 سے 1100 ارب روپے کے درمیان رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رواں مالی سال میں 724 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جا چکے ہیں، جبکہ مالی سال کے اختتام تک 900 ارب روپے کے استعمال کا ہدف مقرر ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں محکموں کی تجاویز اور اسکیموں میں ترجیحات کی بنیاد پر کٹوتیاں کر کے بجٹ فریم کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب سمیت نو اہم محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے، جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں کے ترقیاتی اہداف اور بجٹ ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح ہدایات جاری کیں کہ عوامی مفاد، شفافیت اور تکمیل کی رفتار کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کو ترجیح دی جائے اور وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں