قطر میں حماس اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی پر پیش رفت

09:40 AM, 27 May, 2025

دوحہ : قطر میں فلسطینی تنظیم حماس اور امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے ایک مجوزہ معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ 60 دن کی جنگ بندی، اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر مشتمل ہے۔

معاہدے کے تحت حماس پہلے دن 5 یرغمالیوں کو اور 60ویں دن مزید 5 یرغمالیوں کو رہا کرے گی، جبکہ دوسری طرف دو مراحل میں فلسطینی قیدیوں کو بھی آزاد کیا جائے گا۔ جنگ بندی شروع ہوتے ہی غزہ کے عوام کے لیے بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی بھی شروع کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کی ضمانت امریکا کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ دیں گے، اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے ممکنہ انخلا پر بھی بات چیت شامل ہے۔

تاہم اسرائیلی حکومت نے اس معاہدے کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ تجاویز "ناقابل قبول" ہیں اور ان کے مطابق حماس سنجیدگی سے جنگ بندی نہیں چاہتی۔ یاد رہے کہ 18 مارچ کو اسرائیل نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ غزہ پر حملے شروع کر دیے تھے۔
اسرائیلی کارروائیاں 7 اکتوبر 2023 سے جاری ہیں، اور اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے۔

مزیدخبریں