لاہور :: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 14 رنز سے فتح اپنے نام کر لی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے 182 رنز کے بڑے ہدف کے سامنے کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 167 رنز ہی بنا سکی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی، جو کنگز کے بلے بازوں کے لیے سود مند ثابت ہوئی۔ انگلش اسٹار معین علی نے اختتامی اوورز میں جارحانہ انداز اپنایا اور محض 29 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 3 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
کپتان ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا پُاعتماد آغاز کیا اور 35 رنز جوڑے، جبکہ نوجوان مرزا سعد بیگ نے 30 رنز کی قیمتی اننگز کھیل کر مجموعہ 181 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ احمد دانیال نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ الزاری جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
182 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی۔ کراچی کنگز کے بولرز نے نپی تلی لائن و لینتھ سے رنز بنانا مشکل بنا دیا۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 167 رنز ہی بنا پائی۔
ڈیوڈ وارنر کی کپتانی میں کراچی کنگز نے فیلڈنگ میں بھی شاندار چستی دکھائی، جس کے باعث کوئٹہ کو 14 رنز سے شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا۔کراچی کنگز نے اس جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔
کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر غلبہ: 14 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز
معین علی کی 48 رنز کی ناقابلِ شکست باری اور ڈیوڈ وارنر کی کپتانی میں کنگز کا پلہ بھاری، گلیڈی ایٹرز ہدف کے تعاقب میں 167 رنز تک محدود
10:43 PM, 27 Mar, 2026