مریم نواز: درد کے ماروں کی درماں

09:04 AM, 28 Mar, 2026

حافظ صاحب میرے قریبی جاننے والے ہیں ، ایک صنعتی ادارے میں معمولی سی تنخواہ پر ملازم ، کرائے کے گھر میں مقیم اور پانچ بچوں سمیت پورے گھر کے واحد سہارا ہیں۔ رمضان کے ماہ مبارک میں ان سے ملاقات ہوئی تو شدید پریشان دکھائی دئےے۔ ان سے اس پریشانی کا سبب پوچھا ،تو کہنے لگے کہ دفتر والوں نے چالیس ہزار سے کم تنخواہ والوں کے لئے زکوٰة کا کوٹہ رکھا ہوتا ہے ۔جس کی وجہ سے اس زکوٰة کی رقم سے میری بیٹی کی فیس ادا ہو جاتی تھی، اب چونکہ تنخواہ میں سالانہ اضافہ ہوا ہے اور ایک ہزار تنخواہ بڑھی لیکن دفتر والوں نے زکوٰة کی رقم کا کھاتہ بند کر دیا ہے ، عید بھی سر پر ہے اور آپ کو تو معلوم ہے میری چار بیٹیاں ہیں ۔ اس تنخواہ میں گھر کا خرچہ بہت مشکل سے پورا ہوتا ہے ، ان حالات میں کیسے عید کے کپڑے اور دیگر ضروریات پوری کروں گا۔ حافظ صاحب کے چہرے پر غم وحزن کے ملے جلے احساسات تھے جو مزید گہرے ہوتے چلے جا رہے تھے ۔ غربت، افلاس اور بڑھتے ہوئے اخراجات نے جہاں حافظ صاحب جیسے لوگوں کے چہروں سے پہلے ہی رونقیں چھین لی ہیں وہاں محسوس ہوتاہے کہ ان لوگوں کی زندگیاں مزید اجیرن بنتی جا رہی ہیں ۔ 
مجھے انہیں اس حال میں دیکھتے ہوئے انتہائی دکھ اور ملال محسوس ہوا اور اچانک سے میرے ذہن میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہیلپ لائن ”مریم کو بتائیں“ کا خیال آیااور میں نے حافظ صاحب کو اس ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے کو کہا ،اور تسلی دی کہ کریم رب بہت جلد سب اچھا کر دے گا۔چند روز بعد مجھے دوبارہ حافظ صاحب ملنے آئے ۔ اب ان کے چہرے پر مایوسی، اداسی اور یاس کی بجائے خوشی ، حیرت اور اطمینان دکھائی دے رہا تھا ۔ اگلے ہی لمحے انہوں نے میرا شکریہ ادا کیا کہ آپ کے مشورے پر میں نے مریم نواز کی ہیلپ لائن پر کال کی ، نمائندے نے ضروری تصدیق کی اور دو دن بعد میرے جاز اکاﺅنٹ میں مریم نواز کی جانب سے دس ہزار روپے ٹرانسفر ہو گئے ۔ ان پیسوں سے میں نے اپنی پریوں جیسی بیٹیوں کے لئے عیدکے کپڑے خریدے اور عید کا سامان لیا جس کی وجہ سے ان کے چہرے پر بھی خوشی و مسرت کے احساسات نمایاں تھے ۔حافظ صاحب جھولیاں اٹھا اٹھا کر مریم نواز کودعائیں دے رہے تھے اور مجھے یقین تھا کہ عرش معلیٰ کا مالک ضرور ان کی دعا قبول کر رہا ہو گا اور مریم نواز اور ان کے اہل و عیال اپنے کریم رب کی خصوصی رحمتیں سمیٹ رہے ہونگے۔
قارئین کرام ! مجھے یقین ہے کہ یہ صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ ہزاروں ایسے گھرانے ہیں جہاں بھوک، افلاس اور پریشانی کی جگہ خوشیوں اور مسرتوں نے ڈیرے ڈالے ہونگے ۔ مریم نواز حقیقی معنوں میں فلاحی وزیر اعلیٰ ثابت ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے اپنے کاموں کی وجہ سے نہ صرف اہل پنجاب بلکہ اہلیان پاکستان کے دل جیت لئے ہیں ۔ صرف عیدالفطر کے موقع پر مریم نواز کے اس وژن کے مطابق کہ عام آدمی کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے کہ تحت چالیس لاکھ خاندانوں اور دو کروڑ افراد کو ان کی دہلیز پر امدادی رقم پہنچائی گئی ہیں ۔تاریخ میں پہلی بار” مریم کو بتائیں“ کے ذریعے ضرورت مند لوگوں کو دس ہزار روپے فوری طور پر جاز کیش کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہناتھا کہ لوگوں کا احساس ہی دراصل اصل خوشی ہے ، وسائل سے محروم افراد کو خوشیوں میں شامل کر نا ہماری دینی ، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے جبکہ اخو ت اور محبت کے جذبات کا فروغ اللہ کریم کے شکر کا تقاضاہے ۔ 
قارئین کرام ! یہ تو صرف وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کا ایک پروجیکٹ تھا ، اس جیسے ان کے سیکڑوں پروجیکٹس ہیں جس سے معاشرے کا پسا ہوا طبقہ فیض یاب ہو رہا ہے ۔ ماہ رمضان میں سحر و افظار دستر خوانوں سے با عزت طور پر اپنی بھوک مٹانے والوں کی تعداد کروڑوں میں ہے اور ان دستر خوانوں کا خاصہ یہ تھا کہ پنجاب کے وزراءبھی عام آدمی کے ساتھ بیٹھ کر افطاری کرتے تھے تاکہ عام شہری کی عزت نفس مجروح نہ ہو سکے ۔ اسی طرح سولر سکیم سے فائدہ اٹھانے والے لاکھوں صارفین ہیں جو بجلی کے بھاری بھر بلوں سے آزاد ہو گئے اور ان کی زندگی آسان ہو گئی جبکہ حالیہ دنوں میں وزیر اعلیٰ ٹیکسی سکیم سے فیض یاب ہونے والے لوگ بھی جھولیاں اٹھا اٹھا کر مریم نواز کو دعائیں دے رہے ہیں ۔ 
قارئین کرام ! میں سمجھتا ہوں کہ شریف خاندان کو کسی کی دعا ہے ، حاجی شریف اور ان کی زوجہ محترمہ مرحومہ اللہ کریم کے اخلاص والے بندے تھے اور یہی وجہ ہے کہ اخلاص اور مہمان نوازی ،شریف خاندان میں کوٹ کوٹ کے بھری ہے اور یہ اسی اخلاص کا نتیجہ ہے کہ یہ پورا خاندان بالخصوص محسن پاکستان میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے اہلیان پاکستان کی خدمات کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور پھر ان کی خدمات سے فیض یاب ہونے والے کروڑوں لوگوں کی دعاﺅں کی بدولت یہ خاندان مزید اللہ کی رحمتوں کے سائے میں ہے ۔ مجھے یہ بات کہتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ مریم نواز حقیقی معنوں میں درد کے ماروں کی درماں ہیں۔ شاباش مریم نواز ، شاباش!!!!

مزیدخبریں