یو اے ای میں بادلوں کا راج: دبئی اور شارجہ میں موسلا دھار بارش، حکام کا ہنگامی الرٹ جاری

09:19 AM, 27 Mar, 2026

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ دبئی اور شارجہ سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جس پر انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دبئی پولیس نے خراب موسم کے پیشِ نظر شہریوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ۔  بعض علاقوں میں شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری (اولے پڑنے) کا بھی امکان ہے، جس سے املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
 تیز ہواؤں اور بارش کے باعث سڑکوں پر حدِ نگاہ (Visibility) انتہائی کم ہو گئی ہے، اس لیے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
 انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔دبئی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال کل صبح تک غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔ بلدیاتی اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ سڑکوں سے پانی کی نکاسی کو فوری طور پر یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ موسمیات نے مزید گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

مزیدخبریں