لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 24واں اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپیشل افراد، بزرگ اور طلبہ کے لیے مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کارڈ جاری کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے چکن کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور جنسی جرائم کی روک تھام کے لیے اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹس کے قیام کی منظوری دی۔ یہ یونٹس ریپ کے واقعات کی روک تھام اور تحقیقات میں تیزی لائیں گے۔
کابینہ نے بھکر اور بہاولنگر میں ایئرپورٹس کی تعمیر کا اصولی فیصلہ کیا اور ضلع بھکر میں ایئر ایمبولینس سروس کے لیے فنڈز جاری کرنے کی اجازت دی۔ ایئر لائن سروس کے آغاز کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے رمضان پیکج کے کامیاب نفاذ کا ذکر کیا اور کہا کہ 25 لاکھ 64 ہزار گھرانوں کو نگہبان رمضان 2025 کے چیک دیے جا چکے ہیں، جبکہ وفاق اور دیگر صوبوں نے بھی پنجاب کے رمضان پیکج کو فالو کیا ہے۔